نئی دہلی(آن لائن)بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان پر ایک بار پھر کشمیر میں حالات بگاڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر ملک میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی ہے تو وہ پاکستان کی حمایت یافتہ ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت میں جب جنگجوئوں کوہلاک کیا جاتا ہے تو پاکستان میں یوم سیاہ منایا جاتا ہے ،ہمارا پڑوسی ناپاک حرکتیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے اور حکومت اسے بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان اب کنٹروللائن پر بار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر کے بھارتی شہریوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے اور گزشتہ کئی روز سے سرحدوں پر گولہ باری کے نتیجے میں کئی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ان کوششوں کو اب زیادہ دیر برداشت نہیں کیا جائے گا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پڑوسی ملک کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کا خواہاں رہا ہے تاہم اس کی تمام کوششوں پر پاکستان نے ہمیشہ پانی پھیرا ہے اور متعدد بار حالات بہتری کی طرف جاتے جاتے پھر پٹری سے اتر گئے ۔