سکھر( نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں سکھر سمیت سندھ کی سیاسی صورتحال کو تبدیل کر کے رکھ دے گی، میری پی ٹی آئی میں شمولیت عوام اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہے، دوست سوال کرتے ہیں کہ انہیں پی ٹی آئی میں کونسا عہدہ ملے گا؟ میں عہدوں کے لیے پی ٹی آئی میں نہیں آیا، میری شمولیت کا مقصد مظلوم عوام کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک لے جاکر حل کرانا ہے۔ پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کی پابندی تمام اراکین کی ذمے داری ہے، میں نے پارٹی کے سامنے کوئی خواہش ظاہر نہیں کی ،ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائی جس کے نتیجے میں سکھر کے عوام نے جس پیار اور محبت سے نوازا ہے میں اس پر شہریوں کا مشکور ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد اپنے دفتر میں صحافیوں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جاوید میمن نے کہا کہ اب سیاسی حالات وہ نہیں جو پہلے ہوا کرتے تھے، عوام کا سیاسی شعور پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے، اب وہ اچھے ، برے کی پہچان اچھی طرح کر لیتے ہیں، میں کسی کو سیاست سے آئوٹ کرنے یا کسی کو سیاست میں لانے کے لیے پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوا، سیاست میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ عوام ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو میری پی ٹی آئی میں شمولیت سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، سیاست میں جب قدم رکھا جاتا ہے تو مخالفین باتیں تو بناتے ہیں مگر ان کی مخالفت ہماری مقبولیت کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر شہر کو ترقیاتی پیکیج، ترقیاتی فنڈ، ترقیاتی کاموں کے نام پر جس طریقے سے لوٹا گیا اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا، اسلام آباد بنی گالا میں عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ آپ کو سیاست کے لیے کھلا میدان ملے گا، کسی نے پی ٹی آئی کی سیاست میں کوئی رکاوٹ ڈالی تو ہمیں سیاسی جواب دینا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کی حقیقت پسندی پر یقین ہے اور سکھر کا میڈیا اور صحافی ہمیشہ مظلوموں اور حقیقت پسند لوگوں کے ساتھ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ دوسرے شہروں کے سیاستدان سکھر میں آکر اپنی سرگرمیاں کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے تمام دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی خصوصاً صحافیوں کی جانب سے خیرمقدم کرنے کو سراہا۔