کراچی کے تعلیمی ادارے ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں، صدر ممنون

393

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا تیز رفتار تبدیلیوں کی زد میں ہے جن سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے پاکستانی طلبہ خوب محنت کریں تاکہ وطن عزیز ترقی کر کے اقوام عالم میں حقیقی مقام حاصل کر سکے۔یہ بات انہوں نے حبیب پبلک اسکول کراچی کے طلبہ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صدر مملکت کو حبیب پبلک اسکول کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تحقیق پر توجہ دیے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،اس لیے نوجوان زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حبیب پبلک اسکول اور کراچی کے تعلیمی اداروں نے ماضی میں بڑا نام پیدا کیا اور کھیل سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بڑے بڑے نام پیدا کیے لیکن کچھ عرصے کے دوران کراچی اپنی امتیازی حیثیت برقرار نہ رکھ سکا لہٰذا ضروری ہے کہ کراچی کے تعلیمی ادارے ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک وقوم کی خدمت کرنے والے نوجوان پھر سامنے آنے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے اس کی ترقی و حفاظت ہماری اولین ذمے داری ہے،صحت مند اور چاک و چوبند نوجوان ہی قوم کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں،اس مقصدکیلیے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، تعلیمی اداروں میں دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے علاوہ کھیلوں کے خصوصی مقابلے منعقد کرائے جانے چاہییں۔