کویت اور اردن کی پروازوں پر بھی امریکی پابندی ختم

177

کویت شہر/ عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) کویت اور اُردن کی فضائی کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکومت نے ان کے مسافروں کو براہِ راست امریکا جانے والی پروازوں میں لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ سمیت ذاتی استعمال کے الیکٹرانک آلات طیارے کے اندر ساتھ لے جا نے کی اجازت دے دی ہے۔ کویت ائرلائنز کے انتظامی بورڈ کے سربراہ سامی رشید نے کہا ہے کہ کمپنی نے امریکی ادارہ سلامتی برائے مواصلات سے اس بات کی اجازت حاصل کرلی ہے کہ کویت انٹرنیشنل ائرپورٹ سے امریکا سفر کرنے والے مسافر اپنے ساتھ الیکٹرانک آلات طیارے میں لے جا سکتے ہیں۔دوسری جانب اردن کی شاہی ائرلائن نے بھی اپنے ملکی ہوائی اڈوں سے امریکا جانے والی پروازوں پر عائد اس پابندی کے اٹھائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایمریٹس،اتحاد،قطر اور ٹرکش ائرلائنز پر سے بھی یہ پابندی اٹھالی گئی تھی۔ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مارچ میں ترکی،سعودی عرب،قطر،متحدہ عرب امارات،کویت،مصر،اردن اور مراکش سے براہِ راست امریکا آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی کہ ان کے مسافر طیارے میں اپنے ساتھ الیکٹرانک آلات نہیں رکھ سکتے۔