کینیڈا اور امریکا کے جنگلات میں آگ مزید پھیل گئی

148

واشنگٹن / اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی کئی مغربی ریاستوں اور کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں ہفتے کی سہ پہر لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ آگ کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور کئی ہزار افراد کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔ ہزاروں ایکٹر پر لگی اس آگ کے باعث متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت بلند ہوگیا۔ کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا میں آگ بجھانے والے محکمے کے اہل کار 200 سے زائد مقامات پر لگی اس جنگلاتی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس آگ کے باعث درجنوں مکانات اور عمارتیں،جب کہ 2 ائرپورٹ ہینگر جل کر تباہ ہوگئے ہیں۔ ادھر امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی اور جنوبی حصوں کے علاوہ ریاست نیواڈا کے علاقے سیرانیواڈا میں کئی مقامات پر جنگلوں میں آگ لگی ہوئی ہے،جس پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کے ہزاروں کارکن،گاڑیاں طیارے اور ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔