3 سابق بھارتی فوجی سر بر ہان ہائوسنگ اسکینڈل میں نامزد

162

ممبئی(آن لائن)ممبئی ہائی کورٹ کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی نے آدرش ہائوسنگ اسکینڈل میں 2 سابق بھارتی آرمی چیف کے علاوہ بحریہ کے سابق سربراہ، 3لیفٹیننٹ جنرل اور 4میجر جنرل سمیت اعلیٰ فوجی افسران کو نامزد کردیاہے۔ممبئی ہائی کورٹ کے حکم پر یہ انکوائری کمیٹی سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر نے قائم کی تھی۔ممبئی میں کارگل جنگ میں مارے گئے فوجیوں کے لواحقین کی رہائشی عمارت 31 منزلہ عمارت آدرش سوسائٹی میں مبینہ اسکینڈل سامنے آیا تھا۔جس میں غیر قانونی طور پر سابق آرمی چیف، نیوی چیف، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے نام بھی فلیٹس الاٹ کر دیے گئے تھے،جس کے بعد انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا۔انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں آرمی کے 2 سابق سربراہوں، این سی وج اور دیپک کپور کے علاوہ بحریہ کے سابق ایڈمرل مادھویندر سنگھ کے ناموں کی تصدیق کی ہے۔اس سے قبل مہاراشٹر کے4سابق وزرائے اعلیٰ، 2 ریاستی وزیر اور 12کے قریب بیورو کریٹس پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔انکوائری کمیٹی کے مطابق اس سارے معاملے میں سابق آرمی چیف این سی وجے نے خاموشی اختیار کیے رکھی اور کوئی اعتراض نہیں کیا جب کہ دیپک کپور نے اس حوالے سے غلط معلومات فراہم کیں۔