لاہور(نمائندہ جسارت)لاہورہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو کام سے روکنے کے لیے درخواست پر چیئرمین پیمرا اور وزارت اطلاعات سے جواب طلب کر لیا ہے۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ ٹی وی چینلز پرعدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ٹی وی چینلز پر عدلیہ کو دھمکیاں دینے سے روکنا پیمرا کی ذمے داری ہے۔درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ چیئرمین پیمرا اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہے۔ درخواست گزار نے الزام لگایا کہ پیمرا(ن)لیگی ارکان کی عدالت عظمیٰ کو دھمکیوں کا حصہ بنا ہوا ہے،اس لیے چیئرمین پیمرا کو کام کرنے سے روکا جائے۔