الخدمت فائونڈیشن خدمت خلق کے شعبہ کو عام کرنے کی امین ہے

141

پشاور(وقائع نگارخصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالدوقاص نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن خدمت خلق کے شعبے میں امانت اور دینات کے کلچر کو عام کرنے کی امین ہے ۔ہمارے یہاں مالی شفافیت اور نظم ونسق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا ۔ یہی وجہ ہے کہ الخدمت فائونڈیشن نہ صرف وطن عزیز پاکستان کے کونے کونے بلکہ بیرون ملک بھی ایک بااعتماد غیر سرکاری فلاحی ادارے کی حیثیت سے اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت شعبہ مالیات کے تحت اکائونٹس ، آڈٹ اور فنانس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ذمے داران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ کے لیے منعقدہ سالانہ فنانشل مینجمنٹ میٹنگ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی سیکرٹری فنانس ڈاکٹر فضل سبحان ، ریجنل منیجر کمپلائنس عادل محمد اور فنانس منیجر کلیم انور سمیت صوبہ بھر سے شرکا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیکرٹری فنانس ڈاکٹر فضل سبحان نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن میں اکائونٹس کے شعبے سے وابستہ ذمے داران کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس مقصدکے لیے سیمینار، ورکشاپس اور دیگر کورسز کا انعقاد وقتاً فوقتاً کیا جاتا ہے۔