ثابت ہوگیا نواز شریف مجرم ہیں‘ مستعفی ہوجائیں ‘ عمران خان

114

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ نوازشریف قوم کے مجرم ہیں وہ فوری مستعفی ہوجائیں،میچ ختم ہوگیا ہے دیکھنا ہے وزیراعظم ہائوس کب خالی کرتے ہیں،ہمارے تمام خدشات سچ ثابت ہوئے ہیں ۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ان کا ریفرنس بھیجنے کے بجائے میرا ریفرنس بھیج دیا اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی استعفا دینا چاہیے ، انہوںنے کہا کہ کرپشن سے بڑاجرم منی لانڈرنگ ہے، تحقیقات کے دوران نوازشریف کو وزیراعظم نہیں ہونا چاہیے تھا میںنے نوازشریف کا نام گاڈ فادر بالکل درست رکھا تھا، انہوںنے اداروں کے ساتھ مل کر عدالت عظمیٰ میں جعلی کاغذات دیے، پاناما کیس جہاد سے کم نہیں تھا ،شریف خاندان 30سال سے ملک لوٹ رہا ہے ،یہ آئی بی کو استعمال کررہے ہیں جو شریف خاندان کی کرپشن بچا رہا ہے آج ثابت ہوچکا ہے کہ لندن فلیٹس کی اصل مالک مریم نوازشریف ہی ہیں نواز شریف نے چوری کے پیسوں سے مریم نوازکے نام پر فلیٹ خریدے ۔میرا مطالبہ ہے کہ سارے شریف خاندان کا ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں جعلی دستاویزات جمع کرائے، جھوٹی ٹرسٹ ڈیڈ دیں ۔ اب ساری چیزیں سامنے آئیں گی عوام کو پتا چلے گا یہ کتنا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ شہبازشریف آپ نے مجھ پر 10 ارب کا ہرجانہ کیا ہوا ہے آپ کو شرم آنی چاہیے آپ اس کرپٹ خاندان کے فرد ہیں جس نے اس ملک کو لوٹنے کی پوری جدوجہد کی ہے ۔ انہوںنے میڈیا کو پیسے کھلائے ،لفافہ جرنلزم شروع کی میڈیا ہائوسز کو خریدنے کے لیے قوم کے اربوں روپے اشتہاروں پر خرچ کر رہے ہیں ، میرے ہرجانے کا وقت ہی نہیں آئے گا۔ جس نے مجھ پر ہرجانے کا دعویٰ کررکھا ہے اس کا اپنا نام حدیبیہ پیپرز ملز میں ہے یہ اس کا ڈائریکٹر تھا اب سارے پکڑے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میں عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوںنے اس کیس کو یہاں تک پہنچایا ہے ۔ اب نئی نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں نوازشریف بھی دبئی کی آف شور کمپنی کے چیئرمین نکل آئے ہیں جو ثابت ہوگئی ہے اب نوازشریف وزیر اعظم رہ ہی نہیں سکتیانہیں فوری طور پر مستعفی ہونا چاہیے ۔ انہوںنے اپنی چوری چھپانے کے لیے عدالت عظمیٰ میں جھوٹ بولا ہے نوازشریف کو مجرم قراردیا جاچکا ہے ۔