جماعت اسلامی نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی،صاحب زادہ یعقوب

141

تیمرگرہ( آن لا ئن) جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحب زادہ محمد یعقوب خان نے کہا کہ پاناما کیس میں وزیر اعظم کی حمایت کرنے پر اے این پی نے وفاقی حکومت سے سوئی گیس منصوبے کے لیے6 کروڑ لیے ہیں،جماعت اسلامی ایک عالمگیر تحریک ہے جو سوئی گیس منصوبہ حاصل کرنے کے لیے اصولوں پر سودے بازی نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی لویر دیر کے سیکر ٹری اطلاعات یعقوب الرحمن،تحصیل خال کے امیر ارشد زمان خان،ملک سیاست خان اورگل حمید جان بھی موجود تھے۔صاحب زادہ محمد یعقوب خان نے مزیدکہا کہ اگر جما عت اسلامی چاہتی تو پاناما لیکس میں وزیر اعظم کی حمایت کرنے پر ان سے کروڑوں روپے کی مراعات حاصل کر سکتی تھی لیکن جماعت اسلامی نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی الگ الگ منشور اور نظریات رکھتی ہے لیکن دونوں جماعتوں کی اتحادی حکومت میں جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی نے لویر دیر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جو جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی کی مرہون منت ہے۔