لندن کی مشہور مارکیٹ میں آتشزدگی 3منزلیں بری طرح متاثر

138

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی مشہور کیمڈن لاک مارکیٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی رات آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی 3 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتش زدگی کے فوراً بعدپولیس اور ایمبولینس کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور فائر بریگیڈ عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔ کئی گھنٹوں تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ آگ بجھانے والے محکمے کے 70 اہل کار اور 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم پولیس اور سیکورٹی اہل کاروں نے ارد گرد کے تمام علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔قریب کی عمارات کو خالی کروالیا گیا اور مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لندن میں ہی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے درجنوں افراد زندہ جل گئے تھے۔