معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج کراچی سے حاصل ہورہے ہیں‘ گورنر سندھ

202

کراچی (اے پی پی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج کراچی سے حاصل ہو رہے ہیں ، تجارتی ، معاشی ، اقتصادی اور سماجی سرگرمیوں کے بڑھنے سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے، کسٹمز ایجنٹس کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ عید ملن استقبالیہ سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر معروف صنعت کار ایس ایم منیر ، مہتاب چائولہ ، ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد امجد چوہدری، وائس چیئرمین ارشد جمال سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ برآمدات و درآمدات کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہو تی ہے اس ضمن میں کسٹمز ایجنٹس صنعت کاروں اور حکومتی اداروں کے درمیان اہم کردار ادا کررہے ہیں ، برآمدات و درآمدات کے لیے سہولیات فراہم کرنے میں کسٹمز ایجنٹس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم اور مضبوط ہو رہا ہے، معاشی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے باعث اقتصادی ،معاشی او ر سماجی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔ کسٹمز ایجنٹس ملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں وفاقی حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ استقبالیہ سے خطاب میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر نے کہا کہ کسٹمز ایجنٹس تجارتی سرگرمیوں میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ مہتاب چائولہ نے کہا کہ کسٹمز ایجنٹس کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد امجد چوہدری نے کہا کہ آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کسٹمز کی مشکلات کے خاتمہ، انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے کام کررہی ہے، بطور ٹریڈ باڈی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔