کوٹری نیشنل بینک کے عملے کی نااہلی‘ صارفین کو ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا

73

کوٹری (نمائندہ جسارت)کوٹری کی نیشنل بینک کی مرکزی برانچ کے عملے کی نااہلی اور بد انتظامی کے باعث اکاؤنٹ ہولڈروں کو ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، آئے روز بینک کا کمپیوٹر نظام اور اے ٹی ایم مشین کی خرابی کے باعث سرکاری ملازمین اپنی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو اپنی ماہانہ پینشنز کے حصول میں شدید دشواریوں کا سامنا رہتا ہے۔دوسری جانب بینک کے داخلی راستے کی سیڑھیاں مہندم ہونے سے ریٹائرڈ معذور پینشنرز خواتین ومرد حضرات کو بینک میں داخل ہونے سے بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے اور آئے روز لوگ شکستہ سیڑھیوں پر چڑھنے کے دوران سلپ ہوجاتے ہیں۔ سیڑھیوں سے گرکر زخمی ہونے کے واقعات اب روز کا معمول بن گئے ہیں ۔واضح رہے کہ حالیہ تجاوزات کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران بینک کا وسیع تھلا مسمار کردیا گیا تھا جس کی ازسرنوتعمیر کیے جانے کے سلسلے میں بلدیہ کوٹری این او سی نہیں دے رہی ہے جس کے باعث بینک کا داخلی تھلا ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہے جس سے لوگ آئے دن گرکر زخمی ہورہے ہیں۔