حکمران جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں، عارف علوی

94

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعدنواز شریف کا وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔ اگر ن لیگ اور شریف خاندان صرف اداروں سے ٹکرا نا چاہتے ہیں تو اسکا مطلب ہے کہ پاکستان کی جمہوریت کے لیے شریف خاندان سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ حکمران اور ان کے وزرا ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کی جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں ۔ وہ حلقہ این اے 250کے علاقے گزری کے فٹ بال گراؤ نڈ میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر
اراکین سندھ اسمبلی ثمرعلی خان، خرم شیر زمان ، پی ٹی آئی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات الیاس شیخ ،دوا خان صابر، افتخار فاروقی ، فواد خان،سلیم بھائی، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلرز ادیبہ عارف حسن ، اسلم خالق، احمد خان، محمد جمیل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ شریف خاندان اور حکومتی وزرا جے آئی ٹی پر جھوٹے الزامات لگا رہے تھے ۔ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ۔ تحریک انصاف جے آئی ٹی اراکین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں حقیقت پر مبنی رپورٹ مکمل کی۔ شریف خاندان ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کو خریدتے ہیں یا ان کو دباؤ میں لانے کے لیے بلیک میل کرتے ہیں ۔ لیکن یہ 80ء یا 90ء کی دہائی نہیں ۔ اس وقت عدلیہ آزاد ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ شریف خاندان اور ان کی کرپشن میں ملوث دیگر لوگوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ ان کو بھاگنے کا موقع نہ مل سکے ۔ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد ملکی مفاد میں جاری و ساری رہے گی اور اس ملک و قوم کے لوٹے گئے ایک ایک پیسے کا حساب لینا ہم سب پر فرض ہے۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے وہ سیاسی اور تاریخی جدوجہد کی جس کی بنیاد پر اس غریب قوم کے لوٹے گئے پیسے پر عیاشی کرنے والے حکمران خاندان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ۔