حیسکو انتظامیہ شہریوں کو اندھیرے میں دھکیلنا چاہتی ہے

128

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد کی عوام کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کے سامنے حق پرست قیادت چٹان کی مانند کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے پھلیلی و پریٹ آباد کے مختلف مقامات پر ایڈیشنل ٹرانسفارمر لگوانے کے بعد علاقے کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن صابر بھٹی اور یوسی چیئرمین ارشد ملک بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حیسکو انتظامیہ کے بعض افسران شہریوں کو پریشان اور اندھیروں میں دھکیلناچاہتے ہیں اور حالات اس نہج پر پہنچادینا چاہتے ہیں کہ عوام سٹرکوں پر نکل کر ان کرپٹ افسران کا خود احتساب کریں ۔انہوں نے کہاکہ حق پرست قیادت حیدرآباد شہرکو اندھیروں میں نہیں ڈوبنے دے گی اور یہی وجہ ہے کہ حق پرست قیادت کی دن رات کاوشوں کی بدولت شہر بھر میں مختلف مقامات پر ایڈیشنل ٹرانسفارمر نصب کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی طرز سیاست صرف اور صرف عوامی خدمت پر مبنی ہے اور عوامی خدمت سے غافل افسران ہمیں حیدرآباد شہر میں کسی صورت برداشت نہیں ہیں۔اس موقع پر علاقہ معززین اور عوام نے حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین اور ایم کیوایم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اجرک اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔