مٹیاری ڈی سی کا تعلقہ اسپتال کا دورہ‘ گندگی اور ناقص انتظامات پر برہمی

83

مٹیاری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ کا تعلقہ اسپتال مٹیار ی کا اچانک دورہ ، گندگی کے ڈھیر، صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی، اسٹور انچارج کے خلاف کارروائی کی ہدایت۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ نے تعلقہ اسپتال مٹیاری کا اچانک دورہ کیا، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، مریضوں کو ادویات نہ ملنے، اسپتال کے مختلف وارڈز میں روشنی کے نامناسب انتظامات اور خراب مشینوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد میمن کو ضلع کے تمام طبی مراکز اور اسپتالو ں کے انتظامات بہتر کرکے مریضوں کو مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے جان بوجھ کر غلط بیانی کرنے اور غفلت برتنے پر اسٹور انچارج کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جاوید کمبھر، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالکریم سنگراسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے کہا کہ حکومت عوام کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات دینے کے لیے ادویات، جدید مشینری، لیبارٹری اور عمدہ انفرا اسٹرکچر تعمیر کرنے پر بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے، تا ہم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ غفلت، سستی اور اسٹاف کی غیر حاضری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسپتال میں بیڈ شیٹ موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو بغیر بیڈشیٹ کے بستر فراہم کرنے، غفلت برتنے اور غلط بیانی پر اسٹور انچارج کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی سی نے اسپتال کے مختلف وارڈ ز کا دورہ کیا۔ مریضوں سے بات کرکے ان کے مسائل معلوم کیے اور اسپتال میں صفائی ستھرائی کا کام بلا تاخیر شروع کرنے اور اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری کو کام کی نگرانی کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ دریں اثنا ڈی ایچ او ہیلتھ کی میٹنگ میں ایم ایس ڈاکٹر حاجی محمد نے شکایت کی کہ میں بے اختیار عارضی ایم ایس کے چارج پر تعینات ہوں، مجھے ڈی ڈی او کے اختیار نہیں دیے گئے، میں کچھ نہیں کرسکتا، جس پر ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد نے ڈی سی سے محکمہ صحت حکام کو خط لکھواکر اختیار دلانے کی یقین دہانی کرائی۔