کراچی(اسٹاف رپورٹر)11جولائی2017 جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم نواز شریف مستعفی ہوکر قوم سے خطاب کے دوران کیا گیا وعدہ پورا کریں۔حکومتی وزراء کا جے آئی ٹی ارکان کے خلاف دھمکی آمیزرویہ افسوس ناک ہے، انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ قومی اداروں کے درمیاں ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں ہے وزیر اعظم سمیت ان کی پوری ٹیم نے بار بار کہا تھا کہ اگر جے آئی ٹی نے ان خلاف کوئی رپورٹ دی تو وہ ایک منٹ کا بھی انتظار نہیں کریں گے مگر اب جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد لیگی رہنمائوں کے بیانات دھمکی آمیز لہجہ جمہوری روایات اور ان کی دعووں کی سراسرنفی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ملک میں ناسور کی شکل اختیا ر کرگئی ہے جس نے قومی اداروںکو تباہ اور ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے کرپشن کے خلاف تحریک چلائی تھی اور تمام مسائل سے نجات کا حل بھی یہی ہے کہ کرپشن اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل کی جائے۔اب بھی جماعت اسلامی سمیت پوری قوم کا مطالبہ ہے حکومت اوراپوزشن کے تمام لوگوں کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے کیونکہ احتساب کے عمل کوصرف ایک خاندان تک محدودرکھنا بڑی ناانصافی ہوگی۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد اب وزیر اعظم کے استعفے کے علاوہ کوئی بھی چارہ نہیں ہے انہوںنے کہا کہ واجد ضیاء سمیت جے آئی ٹی کی پوری ٹیم نے رپورٹ تیار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔