وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کو گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا جائے، مسرت چیمہ

287

فیصل آباد (جسارت نیوز) تحریک انصاف شعبہ خواتین ویسٹ پنجاب ریجن کی نائب صدر مسّرت چیمہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد نواز شریف کے پاس وزیر اعظم رہنے کا اخلاقی اور قانونی جواز ختم ہوگیا ہے، فوری طور پر مستعفی ہوکر قوم سے معافی مانگیں۔ عدالت عظمیٰ پورے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، اسپیکر قومی اسمبلی نواز شریف کے خلاف فوری ریفرنس بھیج کر تمام افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا عمل درآمد بنچ اب نئے دلائل سنے گا اور جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد نمبر دس سے گاڈ فادر نکلے گا۔ اسحاق ڈار کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے، وزیر خزانہ نے 2 جرائم کیے، انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے عہدے سے ہٹایا جائے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد کوئی کرپشن کی جرأت نہیں کرسکے گا، اب ملک میں کرپشن کے تمام دروازے بند ہو جائیں گے۔