پاناما اسکینڈل ہوائی فائرنگ ثابت نہیں ہوگا، یوسف گل پراچہ

319

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ قوم انصاف کی امید پر عدالت میں کھڑی ہے۔ پاناما اسکینڈل ہوائی فائرنگ ثابت نہیں ہوگا، حکمرانوں کو جیل میں دیکھ رہے ہیں، یہ کہانی کا آغاز ہے، اختتام نہیں ہے، ابھی تو اس نے چلنا ہے وہ وقت گزر گیا جب لوگ عدالت عظمیٰ پر پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ آور ہوتے تھے، اب جمہوری زمانہ ہے، عدالتیں اور ایوان آزاد ہیں، احتساب سے جمہوری نظام کمزور نہیں مضبوط ہوگا اور معاملات شفاف ہوں گے۔ اگر فیصلہ حکمرانوں کے خلاف آئے تو پاکستان میں قیامت نہیں آئے گی، اگر بیس کروڑ عوام کی خاطر چند لوگ اڈیالہ جیل چلے جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے چوکوں اور چوراہوں میں نہیں ہوتے، فیصلے کی جگہ عدالت ہے۔ عدالت پر پوری قوم کا اعتماد ہے، جو لوگ عدالتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں یہ فیصلے سے پہلے شکست خوردگی کی علامت اور شکست ہے۔ جن لوگوں کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے پاس دلائل ختم ہیں اور وہ حق پر نہیں۔ دنیا ترقی کی طرف گامزن ہے اور پاکستان کرپشن کی دلدل میں پھنس گیا ہے۔ اس دلدل سے اپنی قوم، ملک اور اداروں کو نکالنا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔