کوٹری (نمائندہ جسارت) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ جوکہ شہری علاقے میں8گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10گھنٹے پر محیط ہے، ملک میں موسم کی شدت میں کمی اور آبی ذخائر میں اضافے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرنے پر شہری حلقوں نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حیسکو کی مذمت کی ہے۔ لوڈشیڈنگ کے اضافے کے باعث شہری زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے جبکہ روزمرہ کے کام بری طرح متاثر ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے باعث واٹر سپلائی کے اوقات کار متاثر ہونے کے باعث شہریوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اوروہ مہنگے داموں پانی کی خریدا ری کرکے اپنی ضروریات کو پورا کررہے ہیں ۔دوسری جانب سرکاری دفاتر میںامور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث متاثر ہیں جبکہ محکمہ نادرا، بینکوں میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ زیر علاج مریضوں کا براحال ہے، چھوٹے بڑے آپریشن ملتوی کیے جارہے ہیں۔