یونیورسٹی روڈ کی تعمیر گلستان جوہر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر ہے،انجینئرعمر فاروق

109

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی گلستان جوہر زون انجینئرعمرفاروق نے کارکنان کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کیمپ آفس نزد محمل سی این جی موسمیات کادورہ کیااور پروجیکٹ منیجر عبدالشکور اورکنٹریکٹر دائود سے ملاقات کی،پروجیکٹ منیجر نے جماعت اسلامی کے وفدکو تفصیلات سے آگاہ کیا اورکہا کہ اکتوبر تک پروجیکٹ تمام جزئیات بشمول صفورا تا کراچی یونیورسٹی سروس روڈ مکمل کرلیا جائے گا ۔بارش اور عیدتعطیلات کی وجہ سے کام سست ر وی کا شکارتھا ،واٹراینڈ سیوریج کا کام مکمل کرکے روڈ کے توسیعی حصے پر پیوند کاری کا آغاز ہوگا ۔صفورا چورنگی کی دوبارہ تزئین نوبھی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ برسات کے دوران نئے ڈالے گئے نالوں کی جانچ ہوگئی ہے ۔کچھ مقامات پر بہتری کی ضرورت ہے جس کو نشان زد کیا جائے گا۔مزید درختوں کونہیں کاٹاجائے گا ۔صرف یوٹرن پر درختوں کی کٹائی اورچھٹائی کی جائے گی۔امیرزون نے جماعت اسلامی کی جانب سے پروجیکٹ ٹیم کوعید کی مبارکباد پیش کی اورہرممکن تعاون کی یقین
دہانی کرائی ۔پروجیکٹ ٹیم نے جماعت اسلامی کی مخلصانہ کوششوں کوسراہا اورکہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مخلص واحد سیاسی جماعت ہے ۔نعمت اللہ خان کے دور میں جوکام ہوا اس کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔امیرزون نے شجرکاری مہم اور بالائی گزرگاہ کی تعمیر پرزودیا اورکہاکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اس مسئلے پر بات کی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈکی تعمیر صرف ایک سڑک کی تعمیر نہیں بلکہ گلستان جوہرکے پورے انفرااسٹرکچر کی تعمیر ہے ۔ جماعت اسلامی کی یونیورسٹی روڈ تعمیر کرومہم ایک تاریخی جدوجہد کے نام سے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے عوام اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی اس کامیاب جدوجہد پرشکریہ بھی ادا کیا ۔