آئی سی سی ون ڈے رینکنگ‘ جنوبی افریقا بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان‘ پاکستان کا چھٹا نمبر برقرار

75

دبئی (جسارت نیوز) جنوبی افریقن ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، پاکستانی ٹیم کا چھٹا نمبر برقرار ہے، بلے بازوں میں ویرات کوہلی، پاکستان کے بابراعظم 5ویں نمبر پر موجود ہیں، بولرز میں جوش ہیزلووڈ اور آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا سری لنکا کے خلاف سیریز میں گیند اور بلے کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ترقی پا کر ٹاپ10 آل رائونڈرز میں شامل ہو گئے۔ آئی سی سی نے سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان آخری ون ڈے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت جنوبی افریقا سرفہرست ہے، آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ 5ویں، پاکستان چھٹے، بنگلا دیش 7ویں، سری لنکا 8ویں، ویسٹ انڈیز 9ویں نمبر پر موجود ہے، بلے بازوں میں کوہلی پہلے، وارنر دوسرے، ویلیئرز تیسرے، جوروٹ چوتھے اور بابراعظم 5ویں نمبر پر موجود ہیں، زمبابوے کے ہملٹن مساکڈزا ترقی پا کر 57 ویں نمبر پر آ گئے، بولرز میں ہیزلووڈ پہلے، عمران طاہر دوسرے، اسٹارک تیسرے، ربادا چوتھے، بولٹ5ویں اور پاکستان کے حسن علی چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔ آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے، محمد حفیظ دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا ترقی پا کر ٹاپ 10میں شامل ہو گئے۔