آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ ‘انگلینڈ کے آل رائونڈر معین علی چوتھی پوزیشن لینے میں کامیاب

59

دبئی (جسارت نیوز) آسٹریلیا کے اسٹیون ا سمتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں، جوروٹ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے، انگلینڈ کے معین علی کی پروٹیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تینوں شعبوں میں ترقی ہوئی ہے، بلے بازوں میں 21ویں، بولرز میں 19 ویں اور آل رائونڈرز میں چوتھے نمبر پر آ گئے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں ا سمتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں، انگلش قائد جوروٹ پروٹیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 190 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ترقی پاتے ہوئے دوسرے نمبر پر آ گئے، کین ولیمسن تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، پوجارا چوتھے اور کوہلی 5ویں، ڈی کوک چھٹے اور اظہر علی7ویں نمبر پر ہیں، معین علی ترقی پا کر 21 ویں نمبر پر آ گئے، بولرز میں روندرا جدیجہ پہلے نمبر پر برقرار ہیں، ایشون دوسرے، ہیراتھ تیسرے، ہیزلووڈ چوتھے اور جیمز اینڈرسن 5 ویں نمبر پر برقرار ہیں، معین علی کیریئر بہترین بولنگ کرتے ہوئے ترقی پا کر ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہو گئے، ان کا 19واں نمبر ہے۔ آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے، جدیجہ دوسرے، ایشون تیسرے اور معین علی چوتھے نمبر پر آ گئے۔