اسرائیل نے بیت المقدس میں4 منزلہ رہایشی عمارت مسمار کر دی

75

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اہلِ بیت المقدس کو جبری ہجرت پر مجبور کرنے کے لیے اسرائیل اپنے ظالمانہ منصوبوں پر عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہی اقدامات میں نیا اضافہ منگل کی صبح دیکھنے میں آیا جب العیساویہ بلدیہ میں زیر تعمیر ایک 4 منزلہ رہایشی عمارت کو اسرائیلی بلڈوزر نے بغیر لائنس تعمیر قرار دے کر منہدم کر دیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے زیر تعمیر عمارت مہندم کرنے سے پہلے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ اس عمارت کی تعمیر ایک برس پہلے شروع ہوئی تھی، جسے گزشتہ صبح زمین بوس کر دیا گیا۔ العیساویہ بلدیہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ کرنے والی فالو اپ کمیٹی نے بلدیہ کے اہل کاروں کی جانب سے آئے روز مکانات گرانے کے لیے چھاپوں کی شدید مذمت کی۔ علاوہ ازیں قابض اسرائیلی حکام نے الخلیل شہر کے شمال میں موجود قصبے الشیوخ میں 2 فلسطینی گھروں کی تعمیر کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی حکام نے گھروں کی تعمیر کرنے والے مالکان کو بغیر لائسنس تعمیر کرنے کے الزام میں تعمیر روکنے کا نوٹس جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں 2016ء کے دوران 1023 فلسطینی گھروں کو مسمار کردیا تھا۔ اسرائیلی حکام زیر تسلط علاقوں میں فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ شہریوں کو علاقے سے باہر نکالا جائے۔
اسرائیل ؍ عمارت مسمار