جیکسن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی جنوب مشرقی ریاست مسیسپی میں امریکی میرینز کا ایک مال بردار طیارہ کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ حادثہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ریاستی دارالحکومت جیکسن سے 135 کلومیٹر شمال میں واقع لیف لور کاؤنٹی میں پیش آیا۔ دوسرے طیاروں کو فضا میں ایندھن فراہم کرنے والے اس ’کے جی 130‘ طیارے میں 16 افراد سوار تھے۔ کاؤنٹی کے ہنگامی حالت کے انتظامی سربراہ فریڈ رینڈل نے کہا ہے کہ طیارے کے ملبے سے 16 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ زمین پر گرتے ہی طیارہ ٹکڑوں میں بکھر گیا اور ملبے میں آگ بھڑک اٹھی۔ امدادی کارکن رات گئے تک کارروائیوں میں مصروف رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ زمین پر گرنے سے قبل فضا میں ہچکولے کھاتا دکھائی دیا، تاہم حادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی حکام نے یہ بتایا ہے کہ طیارہ کہاں سے اڑا تھا اور اس کی منزل کیا تھی۔ لیف لور کاؤنٹی کے پولیس سربراہ رکی بینکس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے بیشتر افراد امریکی میرینز ہی تھے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ طیارے میں کوئی عام شہری بھی سوار تھا۔ علاقے میں فائر بریگیڈ سروس کے انچارج مارکس بینکس کے مطابق طیارے کا ملبہ 8 کلومیٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ جائے حادثہ کے نزدیکی شہر گرین وڈ کے ہوائی اڈے کے ایک اہل کار ایلن ہیمنز نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ طیارے کو راڈار پر مانیٹر کیا جارہا تھا۔ اسے 20 ہزار فٹ کی بلندی پر بظاہر کسی میکانیکی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکا/ حادثہ