آئندہ انتخابات میں ملک میں تبدیلی آسکتی ہے، سردار شیر محمد رند

94

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) سندھ اور بلوچستان کی معروف قبائلی شخصیت اور ضلع بولان کے سابق چیئرمین سردار شیر محمد رند نے پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں ملک میں تبدیلی آسکتی ہے اور ممکن ہے کہ نواز شریف دوبارہ وزیر اعظم بن جائیں۔ ملک کی دونوں بڑی جماعتیں اندار سے ملی ہوئی ہیں، جو نہیں چاہتیں کہ ہماری لڑائی میں کوئی دوسرا فائدہ اٹھائے۔ 2018ء کے الیکشن میں پورے ضلع سے امیدوار کھڑے کریں گے اور میدان کو خالی نہیں چھوڑیں گے۔ سرادر شیر محمد رند کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن میں مجھے جان بوجھ کر ہرایا گیا، آخری وقت تک میری پوزیشن بہتر تھی۔ ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑوں گا یا کسی کے ٹکٹ پر لیکن مقابلہ ضرور کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے متعدد ایم پی اے تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے تیار ہیں، 22ایم پی اے تیار بیٹھے ہیں، صرف عمران خان کی آمد کا انتظارہے۔ ضلع نواب شاہ کی ساتوں نشستوں پر اپنے امیدوار فائنل کرلیے ہیں۔ این اے 213 پر میں خود الیکشن میں حصہ لوں گا۔ واضح رہے کہ سردار شیر محمد رند نے 2013ء کے الیکشن میں آزاد امیدوار کی حیثیت میں سابق صدر آصف علی زرادری کی بہن ڈاکٹر عذارم افضل پیچوہو کے مقابلے میں 32 ہزار ووٹ لے کر سب کو حیران کردیا تھا اور اب وہ دوبارہ این اے213پر الیکشن لڑنے جارہے ہیں۔