توانائی کے حصول کے بغیر تیز ترین ترقی نہیں کی جاسکتی ہے‘ گورنر سندھ

185

کراچی (اے پی پی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آج کے ترقیاتی دور میں توانائی کے حصول کے بغیر تیز ترین ترقی ، معاشی خوشحالی اور عوام کا معیار زندگی تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے ، وفاقی حکومت نے توانائی کے حصول کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں ، توانائی کے تمام منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا بلکہ زائد تونائی بھی حاصل ہو سکے گی ، توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مٹشوبشی (Mitsubishi) انرجی گروپ تجارتی بنیادوں پر سرفہرست ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں منٹسو بشی انرجی گروپ کے وفد جس کی سربراہی مٹسو بشی انرجی بزنس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر Mr.Hirano کر رہے تھے، سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں پاکستان کے چیف ایگزیکٹوآفیسر Mr.Kimidie Ando ،MD / CEO بھارت Mr.Shiozake ، Mr.Kota Yamada ،Mr.Tomoyuki Hoshizime ،Ms.Tamura ،Mr.Kyosuke Makino ،Mr.Hirai اور جاوید مجید شامل تھے ۔ ملاقات میں پاک جاپان مشترکہ سرمایہ کاری ، تجارتی ، معاشی و اقتصادی منصوبوں ، توانائی کے حصول میں جاپان کا پاکستان سے تعاون سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جاپان تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں ، دونوں ممالک کی آج تیسری نسل بھی ان دوطرفہ تعلقات سے بھرپور مستفید ہو رہی ہے ، وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارتی ، معاشی ، اقتصادی اور سماجی تعلقات میں مزید استحکام آرہا ہے ، جاپان کی کئی کمپنیاں پاکستان میں منافع بخش کاروبار سے وابستہ ہیں جس میں مٹسو بشی انرجی گروپ سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی بحران پر کافی حد تک کنٹرول کرلیا گیا ہے جبکہ گیس کی کمی کو مختلف ممالک سے معاہدے کے تحت پورا کیا جا رہا ہے ، حالیہ دنوں قطر سے پاکستان نے بھاری مقدار میں ایل این جی کا20 برس تک کا معاہدہ کیا اور پہلی کھیپ آنے کے بعد پاکستان میں گیس کی کمی کو پورا کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطہ میں کوخوشحالی کے نئے دور کا آغاز شروع کرے گا ، اس منصوبہ میں صرف توانائی کے حصول کے لیے 32 ارب ڈالرز کی تخمینی لاگت سے منصوبے بنائے جا رہے ہیں جن میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں توانائی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے کوئی بھی ملک توانائی کے بغیر تیز ترین ترقی نہیں کرسکتا ہے پاکستان نے بھی توانائی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں برق رفتاری سے پیش رفت حاصل کرلی ہے ۔ ملاقات میں مٹسو بشی پاکستان کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر Mr.Kimidie Andoنے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا گروپ معاشرہ کو ضروریات کے مطابق مصنوعات اور تجارتی بنیادوں پر قدرتی گیس ، ایل این جی، کروڈ آئل ، پٹرولیم مصنوعات، کاربن مٹریل سمیت دیگر مصنوعات پر کام کر رہاہے ، پاکستان کی توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مٹسو بشی توانائی گروپ کی خدمات حاضر ہے اس ضمن میں دو طرفہ سرمایہ کاری بھی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کے بعد سرمایہ کاری کے لیے آئیڈیل ماحول ہے جس میں ان کا گروپ بھی سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتا ہے۔