جے آئی ٹی سے زیادہ سانحہ بلدیہ کی رپورٹ اہم ہے،آفاق احمد

101

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ جب تک جے آئی ٹی کی رپورٹ پر فیصلہ نہیں دیتی، انتشار نہیں پھیلانا چاہیے۔ہمارے لیے اس جے آئی ٹی سے زیادہ بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی کی رپورٹ اہم ہے جسے ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا، بیت الحمزہ جو کسی کی فرمائش پر مسمار کیا گیا تھا، اب 23جولائی کو اس کی تعمیر نو شروع کی جائے اور اسی دن بیت الحمزہ گرائونڈ میں جلسہ کریں گے جبکہ ستمبر میں شاہراہ قائدین پر بھی ایک بڑا جلسہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سانحہ بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی رپورٹ زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
،جسے تاحال منظر عام پر نہیں لایا گیا،اس رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آفاق کی گنتی ملین سے شروع نہیں ہوتی ، ایک دو سے گنتی شروع کرتا ہوں،میں عوام کو دھوکے میں نہیں رکھنا چاہتا،کوشش کریں گے کہ مہاجر ووٹ تقسیم نہ ہو اور اس کے لیے بزرگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم کے مفاد میں امیدوار ایک ہونا چاہیے تاکہ مہاجر ووٹ تقسیم نہ ہوںاور انتخابات سے قبل کراچی اور حیدرآباد میں مہاجر عوام کو اتنا متحرک کر دیں گے، کہ مہاجر عوام کی تقسیم کا کوئی سوچ بھی نہ سکے۔ آفاق احمد نے جنرل پرویز مشرف سے متعلق سوال پر کہا کہ عمرہ پر پرویز مشرف سے ملاقات ہوئی تھی،مشرف نے اعتراف کیا کہ ان سے غلطی ہوئی تھی اور انہیں اندھیرے میں رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف دور میں مہاجر قوم کے حقوق حاصل کیے جاسکتے تھے لیکن 1992ء سے لیکر اب تک کراچی میں ایک بھی کالج نہیں بنا، پرویز مشرف سے مہاجر عوام کے لیے تعلیمی ادارے، ملازمتیں مانگنی چاہیے تھیں لیکن صرف ایک مطالبہ تھا کہ آفاق کو محدود کردو۔