خیرپورکمبو کی شاخوں میں پانی کا مصنوعی بحران ختم کیا جائے‘ سندھ آباد گار تنظیم

116

پنگریو (نمائندہ جسارت) آبپاشی سب ڈویژن خیرپور گمبو کی سترہ شاخوں میں پانی کی شدید مصنوعی قلت اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل نہ کرنے کے خلاف سندھ آبادگار تنظیم کی جانب سے نواحی شہر ملکانی شریف میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا جس کی وجہ سے روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہو گیا۔ احتجاجی مظاہرے اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین طارق محمود آرائیں، محمد علی لسکانی، انور راجپوت اور دیگر نے کہا کہ خیر پور گمبو سب ڈویژن کی شاخوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پانی کی قلت چلی آرہی ہے، جس کی بنیادی وجہ بد انتظامی اور کرپشن ہے، محکمہ آبپاشی سکھر بیراج کے حکام عدالت عظمیٰ کی جانب سے ڈی او واٹر کورسز اور پانی ٹیل تک پہنچانے کے احکامات پر عمل نہیں کررہے۔ راشی آبپاشی حکام پانی فروخت کرنے کے مذموم کاروبار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی شدید قلت کے باعث خیرپورگمبو کی شاخوں کی ٹیل میں گزشتہ کافی عرصے سے پانی کی شدید قلت جاری ہے، جس کی وجہ سے کاشت کاروں کی فصلیں سوکھ گئی ہیں اور کاشت کار نئی فصلوں کی بوائی سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیر پور گمبو سب ڈویژن کی سترہ شاخوں میں جاری پانی کے مصنوعی بحران کا نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر شاخوں کی ٹیل تک پانی پہنچایا جائے۔ کاشت کاروں نے اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ احتجاج کے باعث روڈ کے دونوں طرف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔