کراچی (اسٹاف رپورٹر) سند ھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہونے میں 3 روزباقی رہ گئے، محکمہ داخلہ سندھ نے رینجر اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی لیکن حکومت سندھ کی جانب سے تاحال سفارشات وفاق کو نہیں بھجوائی گئی۔ سندھ میں رینجرز کو دیے گئے پولیس اختیارات کی مدت 14 جولائی کو ختم ہو رہی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی سمری میں رینجرز کو دیے گئے خصوصی اختیارات میں مزید90 روز کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے ، جس میں دہشت گردی ایکٹ کی شق 4 کے ایکٹ 1997ء کے تحت اختیارات دیے جانے اور 15 جولائی سے 12 اکتوبر تک خصوصی اختیارات میں توسیع کا کہا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد رینجرز کو مزید 90 روز کیلیے اختیارات دیے جائیں گے۔ رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے پر حکومت سندھ اور وفاقی حکومت گزشتہ ڈیڑھ برس سے آمنے سامنے ہیں اور ہر بار رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ وفاق اور سندھ کے مابین کشیدگی اور تناؤ کا سبب بنتا ہے۔