کولمبو (جسارت نیوز) اینجلو میتھیوز زمبابوے کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد تینوں فارمیٹس میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو گئے، آئی لینڈرز کو زمبابوے کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میتھیوز نے زمبابوے کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کو اپنے کیریئر کا خراب ترین لمحہ قرار دیا تھا اور کہا کہ وہ سری لنکن کرکٹ سلیکٹرز سے اپنے مستقبل کے بارے تبادلہ خیال کریں گے تاہم چند روز بعد ہی انہوں نے ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی تینوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ میتھیوز نے 2013ء میں سری لنکن ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی اور 34 ٹیسٹ، 98 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میتھیوز نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال ٹیم کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن ہے اور میں نے ٹیم کے بہتر مفاد میں فیصلہ کیا ہے، بطور پلیئر میری کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔ دوسری طرف دنیش چندیمل سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان مقرر ہو گئے، اپل تھرنگا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے، اینجلو میتھیوز کے مستعفی ہونے کے بعد چندیمل اور تھرنگا کو ٹیموں کی قیادت سوپنے کا اعلان کیا گیا۔ چندیمل بطور نائب کپتان میتھیوز کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور ماضی میں انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ تھرنگا بھی میتھیوز کی عدم موجودگی میں آئی لینڈرز کی قیادت کر چکے ہیں۔ چندیمل نے اپنے بیان میں کہا کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میرے لیے باعث اعزاز ہے، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے کامیابیاں دلانے میں کردار ادا کروں، میتھیوز نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی، وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی گیند اور بلے کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، دنیش چندیمل کپتان مقرر ہو گئے، دھانن جایا ڈی سلوا کو ڈراپ کر دیا گیا جبکہ کوسل پریرا اور نوون پرادیپ انجری مسائل کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، فاسٹ بولرز وشوا فرننڈو اور دشمانتھا چمیرا کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، اوپننگ بیٹسمین دانشکا گونا تھلیکا کی پہلی بار اسکواڈ میں طلبی ہوئی ہے۔ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہو گا، اس سے قبل کھیلی گئی ون ڈے سیریز 3-2 سے مہمان زمبابوین ٹیم کے نام رہی تھی۔ اعلان کردہ اسکواڈ کپتان دنیش چندیمل، اپل تھرنگا، اینجلو میتھیوز، نیروشن ڈکویلا، دیمتھ کرونارتنے، دانشکا گونا تھلیکا، کوسل مینڈس، اسیلا گونارتنے، رنگنا ہیراتھ، دلروون پریرا، لکشن سنداکن، وشوا فرننڈو، دشمانتھا چمیرا، سرنگا لکمل اور لاہیرو کمارا پر مشتمل ہے۔