زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہیں

93

فیصل آباد (اے پی پی ) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرنے سمیت پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی لانے کاموجب بن سکتی ہیں لہٰذا کاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کے لیے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے لہٰذاکاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کے لیے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔انہوںنے بتایاکہ اگر 24 سے48 گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کے لیے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتاہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔انہوںنے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے استفادہ یقینی بنائیں۔