سندھ کی زمینیں کوڑیوں کے دام بحریہ ٹاؤن کو دی جارہی ہیں

143

بدین (نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک کی جانب سے سندھ میں غیر مقامی افراد کو آباد کرنے، گوڑانو ڈیم کی جگہ تبدیل نا کرنے، کرپشن، بحریہ ٹاؤن اور تعلیم کی تباہی کے خلاف ڈی سی چوک سے بدین پریس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شریک رہنماؤں نور احمد کاتیار، جاکھرو نوحانی، بہادر تالپور، کلثور ہالیپوتہ، ماروی گوپانگ، رام کولہی اور دیگر نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سندھ میں غیر مقامی افراد جن کا سندھ سے کوئی تعلق تک نہیں ہے کو سندھ کے پسماندہ علاقوں میں آباد کیا جارہا ہے۔ سندھ میں تعلیم کا خانہ خراب ہوچکا ہے، اس کے علاوہ ضلع تھرپارکر میں گوڑانو ڈیم کی تعمیر سے تھر کے لوگ متاثر ہورہے ہیں، جس کی جگہ تبدیل نا کرنے کے باعث سیکڑوں خاندان متاثر ہوچکے ہیں۔ کرپشن نے سندھ کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں جبکہ پورے سندھ کی زمینیں کوڑیوں کے داموں بحریہ ٹاؤن کو دے کر دوستی نبھائی جارہی ہے۔ ان سب معاملوں میں حکومت سندھ ملوث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینیں بحریہ ٹاؤن کو دینا بند کیا جائے، تعلیم پسماندگی دور کی جائے، گوڑانو ڈیم کی جگہ تبدیل کی جائے اور کرپشن میں ملوث مگر مچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔