فرانس اور ہانگ کانگ کے 2غیر ملکی کھلاڑی ا سکوائش سریز کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

71

اسلام آباد (جسارت نیوز) فرانس اور ہانگ کانگ کے 2 غیرملکی کھلاڑی پاکستان کے ساتھ اسکواش سریز کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے جہاں پر پاکستان اسکواش فیڈریشن اور ایئرفورس انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔ اسی طرح سیریز کیلئے باقی 3 غیر ملکی کھلاڑی آج پاکستان پہنچیں گے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے حکام کے مطابق پاکستان اور ورلڈ 5 کھلاڑیوں کے درمیان2 روزہ سیریز آج سے مصحف علی ا سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگی جس کیلئے فرانز کے لیوکیس سرم اور ہانگ کانگ کے لیو ایو پاکستان کے ساتھ سیریز کیلئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ مصر، امریکا اور انگلینڈ کے کھلاڑی آج پاکستان آئیں گے۔ حکام نے بتایاکہ فیڈریشن نے ملک میں دوبارہ ا سکواش کے عالمی مقابلے بحال کرانے کیلئے کوششوں کا آغاز کر رکھا ہے ، اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر جائے گا۔ حکام نے بتایاکہ پاکستان اور ورلڈ فائیو کھلاڑیوںکے درمیان سریز کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا۔ پہلے روز2 میچ کھیلے جائیں گے ۔جبکہ آخری روز3 میچوںکا فیصلہ ہو گا۔ پہلے دن ہانگ کانگ کے لیو ایو اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں امریکا کے ٹوڈہیرٹی اور پاکستان کے اسرار احمد مد مقابل ہوں گے۔ کل سیریز کے آخری روز پہلا میچ فرانس کے لیوکس سرم اور پاکستان کے احسن ایاز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ کے نیتھن لیک اور عماد فرید مد مقابل ہوں گے جبکہ آخری میچ مصر کے کریم الفتخی اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان کھیلاجائے گا۔