باماکو (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک مالی کے شمالی صحرائی علاقے میں عسکریت پسندوں کے اچانک حملے کے بعد 10 فوجی لاپتا ہو گئے۔ عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ حملہ گاؤ اور مناکو قصبوں کے درمیان اتوار کے روزاس وقت گھات لگا کر کیا گیا، جب فوجیوں کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ فوج کےترجمان کرنل ڈیارن کونی نے کہا ہے کہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے خطرے میں اضافہ ہو رہا ہے خاص طور پر القاعدہ کی جانب سے۔ ہمارے تقریباً 10 فوجی لاپتا ہو گئے اور ہماری 4 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ عسکریت پسند گروپوں نے مالی کے شمالی علاقے میں 2012ء میں قبضہ کر لیا تھا جنہیں فرانسیسی فورسز نے ایک سال کے بعد وہاں سے نکال دیا۔ لیکن اس دور افتادہ صحرائی علاقے میں امن قائم رکھنا مشکل ثابت ہوا اور جنگجوؤں نے مالی کے فوجیوں اور اقوام متحدہ کے امن مشنز پر اپنے حملے جاری رکھے۔
مالی ؍ فوجی لاپتا