متعدد علاقوں میں برسات کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی

101

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)شہر میں بارش کا پانی تاحال مختلف علاقوں میں جمع ہے،بارش کے بعد نکاسی آب کا کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ کراچی میں بارش برسے دو ہفتے گزر گئے لیکن اکثر علاقوں سے نکاسی آب کا کام نہیں ہوسکا۔ کئی علاقوں میں گندے پانی اور غلاظت کے ڈھیر نے لوگوںکاجینامشکل کردیاہے۔شہر قائد کے نالے کچرے سے بھرے پڑے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، حکمرانوں کی نا اہلی کے سبب گزشتہ دنوں برسنے والی باران رحمت جو زحمت بنی تو ابتک اس کی تباہ کاریوں پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔کراچی کے اکثر علاقے گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہے ہیں، سولجر بازار کا نالا بھی گندگی اور کچرے سے بھر چکا ہے۔شہری کہتے ہیں حکام کو عرضیاں ڈال کر تھک چکے ہیں لیکن علاقے کی صفائی ہوتی ہی نہیں، انتظامیہ
صرف ٹال مٹول کرتی رہتی ہے۔مون سون ابھی ختم نہیں ہوا کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ مختلف اداروں نے رین ایمرجنسی کا اعلان بھی کر دیا ہے لیکن یہ وقت ہی بتائے گا کہ رین ایمرجنسی کے لیے کتنے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں؟