کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹرز سے یکطرفہ شرائط پر امتیازی اور زائد کرائے وصول کرنے والی فضائی کمپنیوں کے خلاف مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی تحقیقات کی یقین دہانی کرادی ہے۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی سربراہی میں پی ایف وی اے کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن شہزاد شیخ ، ائرکارگو ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین محسن عباس دھارسی اور کنوینر شجاعت علی پر مشتمل ایک مشترکہ وفد نے اسلام آباد میں کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل شائستہ بانو سے ملاقات میں فضائی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سے پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ پر من مانے اور امتیازی کرائے (فریٹ) کی وصولی، یک طرفہ شرائط لاگو کرنے کے دستاویزی ثبوت پیش کیے گئے۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے بتایا کہ غیرملکی ائرلائنز پاکستان سے پھلوں کی ایکسپورٹ بالخصوص یورپ، امریکا اور مڈل ایسٹ ممالک کو آم کی ایکسپورٹ کے سیزن میں امتیازی اور خطے میں سب سے زیادہ کرائے وصول کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ضمانتی بانڈ بھی بھرواتی ہیں جس کے مطابق ائرلائن کی جانب سے کنسائمنٹ کی غلط طریقے سے ہینڈلنگ یا ائرلائن کی کسی غفلت ، غلطی یا تاخیر کی وجہ سے کنسائمنٹ مسترد ہونے پر ائرلائن کے خلاف کوئی دعویٰ دائر نہیں کرسکتے۔ پاکستان سے خطے میں سب سے زیادہ فریٹ وصول کرنے کے باوجود پاکستانی کنسائمنٹس کو ترجیح نہیں دی جاتی ائرلائن کی جانب سے پاکستانی ایکسپورٹرز سے دیگر ملکوں کے مقابلے میں زائد اور امتیازی کرائے وصول کیے جانے کی وجہ سے ایک جانب پاکستان کے لیے عالمی منڈی میں مسابقت دشوار ہورہی ہے دوسری جانب ائرلائنز کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے برآمدی کنسائمنٹ مسترد ہونے سے بھی کثیر زرمبادلہ کا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ اس بارے میں پی ایف وی اے نے ائرکارگو ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر مسابقتی کمیشن کو باضابطہ شکایت ارسال کی تھی جس پر مسابقتی کمیشن نے پی ایف وی اے اور ائرکارگو ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کو اسلام آباد طلب کرکے دستایزی ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل کمپٹیشن کمیشن شائستہ بانو نے ایکسپورٹرز کی شکایات اور دستاویزی ثبوتوں کی روشنی میں فضائی کمپنیوں کے خلاف ممکنہ کارٹل بنانے یا مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی جس کے لیے جلد خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے ایکسپورٹرز کی شکایت کا نوٹس لینے اور تحقیقات کی یقین دہانی پر مسابقتی کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور تحقیقات کے دوران ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔