مقبوضہ کشمیر میں مودی سر کار اوچھی حر کتوں پر اتر آئی،سید صلاح الدین

150

مظفر آباد(صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ دنیا کے سامنے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے تعبیر کرنے اور اس سے وابستہ رہنمائوں اور کارکنان کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے انتہا پسند جنونی مودی سرکار اور اس کی ایجنسیاں نیچ حربوں پر اتر آئی ہیں، امرناتھ یاتریوں پر حملہ اسی مزموم حکمت عملی کی ایک کڑی ہے،عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل ہے کہ اس واقعے کی تہہ تک جانے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ انہوں نے اس بزدلانہ حملے میں مارے جانے والے یاتریوں کے لواحقین سے بھی بھر پور ہمدردی کا اظہار کیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ بھارتی ایجنسیاں اور ان کے زرخرید ایجنٹ تحریک آزادی کی شدت و حدت سے اس حد تک بوکھلاہٹ کا شکار ہوجائیں گی کہ وہ بدحواسی میں اپنے ہی لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار یں گے،اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حزب سربراہ نے کہا کہ اس واقعے کی آڑ میں بھارتی شدت پسند قیادت ایک تیر سے کئی شکار کر نے کی خواہش رکھتی ہے۔ حزب سربراہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایسے نیچ حربوں سے بھارتی ایجنسیاں، اس کے زرخرید ایجنٹ اور کٹھ پتلیاں کچھ حاصل نہیں کرسکیں گی، دنیا جانتی ہے کہ مجاہدین کشمیر اور حریت پسند عوام نے ہمیشہ سے اپنا اسلامی فریضہ سمجھ کر یاتریوں کی مہمان نوازی اور ان کا تحفظ کیا ہے،کشمیری قوم کی رگ رگ میں مہمان نوازی کا جذبہ موجود ہے اور وہ بلا کسی مذہبی تفریق اور رنگ و نسل کے صدیوں سے مہمان نوازی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ۔