ملائیشین فوج کے سربراہ کی فوجی سربراہان سے ملاقاتیں‘ دفاعی امور پر گفتگو

83

راولپنڈی؍اسلام آباد (اے پی پی؍آئی این پی؍آن لائن)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابقبری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملائیشین آرمی چیف سری ذوالکفل بن حاجی قاسم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ‘تربیت ‘ علاقائی سلامتی کے امور میں تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملائیشین آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اورجی ایچ کیو میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی ۔ملائیشین آرمی چیف نے نیول ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر چیف آف دی نیول ا سٹاف ایڈمرل ذکا اللہ سے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات، آپریشنل افیئرز اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت اہم نوعیت کے معاملات زیر بحث آئے اور ان کو پاک نیوی کے مختلف امور پر معلومات فراہم کی گئیںجس پر ان کی جانب سے اطمینان کا اظہار اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک نیوی کے کردار کو سراہا گیا۔انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے ائیرچیف سہیل امان خان سے ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے پی اے ایف کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کو سراہا جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین باہمی ٹریننگ اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر زور دیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔