میرپور خاص، آبادی کے عالمی دن پر جیم خانہ سے پریس کلب تک ریلی

128

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) آبادی کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ بہبود آبادی اور سماجی تنظیم این آر ایس پی کے زیراہتمام سٹیزن جیم خانہ سے میرپورخاص پریس کلب تک ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر رضا علی بلوچ کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ بہبود آبادی کے نصراللہ کمہار، پریم کمار، این آر ایس پی کے شیر محمد بلوچ، جمیل احمد، فیمیل اسٹاف، ڈاکٹرز اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر رضا علی بلوچ اور شیر محمد بلوچ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملکی ترقی اور ملکی وسائل کی تقسیم میں بڑی رکاوٹ ہے، اس لیے 11 جولائی کو ہر سال دنیا میں آبادی عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد لوگوں میں بچوں کی پیدائش میں وقفہ کرنے اور خاندانی منصوبہ بندی کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے کیونکہ خاندانی منصوبہ بندی ہر فرد کا حق ہے۔ بچوں کی پیدائش میں وقفے سے ماں اور بچے کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ان کی پرورش میں بھی آسانی ہوتی ہے۔ آبادی میں اضافے سے غربت اور بدامنی میں اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ بہبود آبادی میرپورخاص خاندانی منصوبہ بندی، بچوں کی پیدائش میں وقفے اور آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہا ہے۔ ضلع میرپور خاص میں محکمہ بہبود آبادی کے خاندانی منصوبہ بندی کے 40 سینٹر ہیں، جن میں سے 29 سینٹر کام کررہے ہیں جبکہ 11 میں اسٹاف نہ ہونے کی وجہ سے کام بند ہے۔ بعد ازاں مقامی ہال میں آبادی کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار ہوا۔ سیمینار سے تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نصیر احمد شیخ اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر رضا علی بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کی آبادی 20 کروڑ سے زائد ہے، جس کا بنیادی سبب تعلیم کا نہ ہونا ہے۔ ڈاکٹر نصیر نے کہا کہ ہمیں خاندانی منصوبہ بندی کے متعلق اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا، خاندانی منصوبہ بندی کا مقصد بچوں کی پیدائش کو روکنا نہیں بلکہ مناسب وقفہ کرنا ہے۔ سیمینار میں خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی پیدائش میں وقفے کے فوائد کے متعلق ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے ۔