ن لیگ کے 44 ایم این ایزنیاگروپ بنانے کیلیے تیار ہیں‘ شیخ رشید

65

راولپنڈی (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے قانون کے آگے سرنگوں نہ کیا تو وہ جیل جائیں گے‘ نواز شریف نے اپنی بیٹی کا سیاسی مستقبل بھی تباہ کردیا ‘مسلم لیگ ن کے 44 ایم این ایز نیا گروپ بنانے کے لیے تیار ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی اپنی آف شور کمپنی بھی نکل آئی ہے‘ نوازشریف کا ایجنڈا عدلیہ اور فوج سے لڑائی ہے‘ خدا نہ کرے کہ جو سزا بھٹو کو ہوئی وہ ان کو ہو‘ حدیبیہ پیپرز مل کیس میں جان آگئی ہے‘ ن لیگ کا تابوت ثبوتوں کے ساتھ نکل آیا ہے‘جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد نواز شریف کی نااہلی میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی‘ وقت آگیا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں گونوازگو کی کال دے کر وزیراعظم ہائوس کارخ کریں‘حکومت کی کوشش ہے کہ کوئی طالع آزما آئے اورجمہوریت کوچلتاکرے لیکن قوم کسی صورت جمہوریت کی بساط لپیٹنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں ایک نئی درخواست دوں گا کہ جس طرح عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی اپنی نگرانی میں بنائی، اسی طرح نیب میں بھی 3 رکنی کمیٹی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سامنے شریف فیملی بکری اور باہر میڈیا کے سامنے شیربن جاتی تھی‘نوازشریف اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے کیونکہ انہیں پتا ہے کہ اب الیکشن ہوئے توان کے خلاف عوام کا سمندر نکلے گا۔