٭٭٭……اندرون ملک سے ……٭٭٭

153

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) بہبود آبادی کے عالمی دن پر پاپولیشن ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہٰیار کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈاکٹرز، نرس، سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیئرمین مخدوم علی محمد ولہاری، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر اعجاز سیال ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر وسیم شیخ، ایم ایس محمد سلیم شیخ، ڈاکٹر صباح وقار، عالیہ میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیملی پلاننگ کا مسئلہ اہم ہوتا جارہا ہے، ہمارے ملک کی آبادی بڑھ رہی ہے، جس سے ہم کافی مشکلات کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

٭ مٹیاری (نمائندہ جسارت) مٹیاری کے نواحی علاقہ اڈیرولعل میں پسند کی شادی میں ناکامی پر نوجوان نے گلے میں پھانسی کا پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ مٹیاری کے قریب اڈیرولعل گائوں میں پسند کی شادی نہ ہونے پر 26 سالہ نوجوان احمد ولد عدلوخاصخیلی نے گلے میں پھانسی کا پھندا ڈال کر درخت پر لٹک کرخود کشی کرلی۔ اطلاع ملنے پر ورثا میں کہرام مچ گیا۔ لاش کو اڈیرو پولیس کی جانب سے مٹیاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

٭ بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ کے نواحی گائوں خدا بخش کے رہائشی 30 سالہ نوجوان عاشق سیٹھار نے روہڑی کینال میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ نواحی گائوں خدا بخش سیٹھارکے رہائشی 30 سالہ نوجوان عاشق علی ولد محمد عثمان سیٹھار نے گھریلو تنازع کی بنا پر روہڑی کینال میںکود کر خودکشی کرلی، ریسکیو غوطہ خوروں نے لاش کی تلاش شروع کردی۔ آخری اطلاعات تک لاش نہیں مل سکی۔

٭ شہدادپور (نمائندہ جسارت) راجپوت نظریاتی سنگت ویلفیئر پاکستان کی جانب سے شہدادپور پریس کلب میں شہر کی سیاسی ،سماجی،مذہبی،و صحافتی شخصیات کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدرات راجپوت نظریاتی سنگت ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر رانا ندیم سلیم نے کی مہمان خصوصی،مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مخدوم عطا حسین تھے اور دیگر مہماناں گرامی دائرہ مہدمہ کے سجادہ نشین سیدمیران شہاب ،راجپوت برادری کے معززین میں ماسٹر یاسین،رانا تنویر،یعقوب راجپوت،رانا خالد (صدر) پی پی او سانگھڑ راؤ ناظم ،اے ایس آئی راؤ اقبال، رانا شاہد خلیل ،رانا یاسین انجم،صحافیوں میں محمد رمضان پنہور، الیاس محمد خلجی،مہندی حسن پنہور،جماعت اسلامی کے امیر محمد عرفان بدر،عبدالخالق شیخ،ف لیگ کے رانا عبدالستار،تحریک انصاف کے ڈاکٹر منصور شاہ ،سردار زاہد قریشی،سمیت دیگر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پرعید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم عطا حسین نے کہا کہ راجپوت نظریاتی سنگت ایک بہت بڑا نام ہے جس کے روح رواں بھی ایک نوجوان ہیں اور وہ نام کسی بھی تعریف کا محتاج نہیں ہے کیونکہ اس نام کی پہچان ان کا محنت اور مخلصی ہے میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سماجی تنظیم کے روح رواں رانا ندیم سلیم کو مزید ترقی دے ہمارا اخلاقی و مالی تعاون رانا ندیم سلیم کے ساتھ رہے گا ۔دائرہ مہدمہ کے سجادہ نشین سید میران شہاب نے کہاکہ راجپوت قوم بہادر نڈر قوم ہے جس نے ہر پلیٹ فارم پر اپنا لوہا منوایا ہے چاہیے وہ خدمت کا پلیٹ فارم ہو چاہے وہ سیاست کا پلیٹ فارم یا پھر وہ لڑنے کا ہو سید میران شہاب نے کہا کہ راجپوت نظریاتی سنگت کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

٭ ٹھٹھہ (آئی این پی) ٹھٹھہ کے قریب بائی پاس روڈکرنانی اسٹاپ کے مقام پر ڈیوٹی پر موجو د پولیس اہلکار اختربروہی کو سامنے سے تیزرفتار آنیوالے ڈمپر نے کچل دیا۔ اطلاع کے بعد پولیس متوفی کو سول اسپتال مکلی لے آئی تاہم تب تک متوفی ہلاک ہوچکا تھا متوفی چھتوچنڈ کا رہا ئشی تھا جوکہ کرنانی اسٹاپ پر ٹھٹھہ اور سجاول کے طرف آنے جانیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہا تھا کہ اچانک تیزرفتار آنیوالے ڈمپر نے اس کو کچل دیا۔ ٹھٹھہ پولیس نے ڈمپر کو تحول میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔٭ چکوال (آئی این پی) قصبہ اوڈھروال تھانہ صدر کے علاقہ میں تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی سے آئل ٹینکر چلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ سب انسپکٹر گلزار حسین نے استغاثہ دیا کہ دوران گشت و پڑتال گاڑیاں سرگودھا بائی پاس پر موجود تھے کہ ایک آئل ٹینکر نمبریSWN.303 نہایت تیز رفتاری اور غفلت لاپرواہی سے چلاتے ہوئے آیا جس نے اپنی اور عوام کو خطرے میں ڈالا۔ سب انسپکٹر آصف خان نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو جوڈیشل حوالات بھیجوا دیا۔

٭ لاہور (آئی این پی) ایل ڈی اے کا شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن، اسکول اور پارک سائٹ پر قبضہ شدہ اراضی کو واگزار کرالیا۔ ایل ڈی اے کے شعبہ پرائیویٹ ہاسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن میں نشیمن اقبال سوسائٹی میں کمیونٹی سنٹر پر بنے سوسائٹی دفتر اور پارک سائٹ پر بنے دو ہالز کو سیل کر دیا گیا۔ ایل ڈی اے نے ناز ٹان میں پارک سائٹ پر بنے دو کمرے اور غوثیہ کالونی میں اسکول سائٹ پر بنے دو کمرے بھی مسمار کردیے۔ کارروائی کے دوران پولیس کی نفری اور انفورسمنٹ کا عملہ بھی موجود تھا، آپریشن کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر علی ریاض سیکھو اور انفورسمنٹ انسپکٹر غفور نیازی نے کی۔

٭ رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) رحیم یارخان اور اس کے نواحی علاقوں میں کالے یرقان کے باعث اموات کا سلسلہ جاری، خاتون سمیت 3 افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ گزشتہ روز چک 151 پی کی رہائشی 65 سالہ صفیہ بی بی، اوباڑو (سندھ) کے رہائشی 70 سالہ رکن دین اور گھوٹکی (سندھ) کے رہائشی 50 سالہ پیر بخش کو کالے یرقان میں مبتلا ہونے پر ورثا نے انتہائی تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، جہاں یہ تینوں متاثرہ افراد جانبر نہ ہوپائے اوردم توڑ گئے، اسپتال انتظامیہ نے کارروائی کے بعد لاشیں تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کردیں۔

٭ لاہور (آئی این پی) ایف آئی اے کی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی، شاہ عالم مارکیٹ سے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا، ملزم سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی چھاپے کے دوران ضیااللہ نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران ملنے والی رسیدوں سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم ملکی اور غیر ملکی کرنسی دبئی، ایران اور افغانستان سمیت دیگر ممالک میں غیر قانونی طور پر بھجوانے میں ملوث ہے۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔