٭٭٭……راجپوت بندھانی……٭٭٭

89

سکھر( نمائندہ جسارت) راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی نے کہا ہے کہ ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لئے خطیر رقم کے ترقیاتی منصوبے تو بنارہی ہے مگر پلاننگ کے فقدان کے باعث وہ منصوبے شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، نواں گوٹھ کا ترقیاتی کام مکمل کرائے بغیر نیوپنڈ میں شاہراہ کی کشادگی کا کام شروع کرائے جانا انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکریٹری حاجی محمد یامین، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالجبار راجپوت، جوائنٹ سیکریٹری عطاء الرحمن، خازن حافظ محمد شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ نیوپنڈ کے مکینوں نے انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کا ملبہ نہیں اٹھایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے نیوپنڈ کے مکین دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں، ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی ہے جبکہ نکاسی نظام مفلوج ہونے سے نیوپنڈ کے علاقے جوہڑ میں تبدیل ہوگئے ہیں، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنے منظور نظر ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لئے خطیر رقم کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے دے رہے ہیں اور من پسند ٹھیکیدار ترقیاتی کام ادھورے میں چھوڑ کر غائب ہوجاتے ہیں جس کی واضح مثال نواں گوٹھ اور ملٹری روڈ پر جاری ترقیاتی کام 2سال گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہ ہونا ہے۔