٭٭٭……گوادر……٭٭٭

171

گوادر (نمائندہ جسارت) لانگ بیچ امریکا سے Zhen Hua 28 نامی بحری جہاز تین کنٹینرکرینیں لیکر گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا ۔ گوادر پورٹ پر مختصر تقریب و بکرا ذبح ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لانگ بیچ امریکہ سے ایک Zhen Hua 28 نامی بحری جہاز تین QUEYSIDE کنٹینرکرینیں لیکر گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا ۔ اس حوالے سے گوادر پورٹ پر استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ۔ منعقدہ تقریب میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل منیر احمد جان ، گوادر پورٹ فری زون کے منیجر مسٹر پیٹر و دیگر گوادر پورٹ اتھارٹی و چائنہ اوور سیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے افسران نے بحری جہاز کے کپتان و دیگر آفیشلز کو خوش آمدید کہا، انہیں پھول پیش کیے، ڈی جی گوادر پورٹ اتھارٹی منیر احمد جان نے کپتان و آفیشلز کو گوادر پورٹ اتھارٹی کا یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر بکرا بھی ذبح کیا گیا اور گوادر پورٹ اور مملکت پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کرینوں کو اتارنے کے لیے پاکستان کے مشہور کمپنی کار ساز کی خدمات لی گئیں۔ وہ آئندہ چند دنوں میں ان کرینوں کو اتار کر گوادر پورٹ پر نصب کریں گے۔ واضح رہے کہ گوادر پورٹ پر نصب شدہ کرینیں استعمال نہ ہونے کے سبب زنگ آلود ہوکر ناکارہ ہوچکی ہیں ان کی جگہ جدید اور نئی کنٹینر کرینیں نصب کی جارہی ہیں جبکہ دو مزید کرینیں اگست تک گوادر پورٹ پر پہنچ جائیں گی، جس کے بعد گوادر پورٹ پر کنٹینر کرینوں کی تعداد پانچ ہوجائے گی۔٭ گوادر ساحل اتحاد کے سالانہ انتخابات 13 جولائی کو ہوں گے۔ کارکن انتخابات میں بھرپور شرکت کریں۔ آج کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور اسی روز ووٹنگ ہوگی۔ گوادر ساحل اتحاد کی کابینہ کے سالانہ انتخابات آج ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی آج ہی جمع ہوں گے اور شام 6 بجے پولنگ ہوگی۔ پارٹی انتخابات میں بھرپور شرکت اور حصہ لینے والے امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت میں مجاہد وارڈ گوادر میں تشریف لائیں۔ 2017-18ء کے رائے دہندگان سے کہا گیا ہے کہ ابتدائی انتخابات کھلے عام ہوں گے اور رائے دہندگان اپنے امیدواروں کو ہاتھ اٹھا کر ووٹ دیں گے۔٭ بلوچستان نیشنل پارٹی گوادر کی جانب سے مرکزی کال پر آج شام 6 بجے گوادر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی گوادر کے اعلامیے کے مطابق پارٹی کے مرکزی رہنما ملک نوید دھوار کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مرکزی کال پر آج شام 6 بجے گوادر پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ پارٹی ورکروں، سول سوسائٹی و عوام سے شرکت کی اپیل کی گئی۔٭ گوادر پولیس کی کارروائیاں، دو منشیات فروش گرفتار، منشیات برآمد۔ گوادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جمیل ولد عبدالغفور سکنہ سہرابی کوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے 375 گرام چرس برآمد کرلی۔ جبکہ ایک اور کارروائی میں غلام نبی ولد میر در محمد سکنہ سر بندن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 355 گرام چرس برآمد کرلی۔ پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔