٭٭٭…… رحیم یار خان ……٭٭٭

109

رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) کچے کے علاقے پٹ، عمرانی،سکھانی اور لونڈ گروہ کی دریائی علاقے میں سفر کرنے والے افراد سے دن دہاڑے لوٹ مار خواتین اور بچوں پر تشدد خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مسلح افراد کی فائرنگ، مقامی افراد کی بڑی تعداد مقابلے کے لیے پہنچ گئی، 2طرفہ فائرنگ کا تبادلہ، متعدد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ڈی پی او رحیم یارخان نے کچے کے علاقے میں تعینات پولیس کی بھاری نفری کو الرٹ کردیا۔ گزشتہ روز کچے کے دریائی علاقے میں کشتی کے ذر یعے سفر کرنے والے مسافروں کو پٹ، عمرانی ، سکھانی اور لونڈ گروہ کے جرائم پیشہ افراد کی بڑی تعداد نے گھیرے میں لے کر لوٹ مار شروع کردی۔ اس موقع پر جرائم پیشہ افراد نے خواتین اور بچوں کو تشدد کانشانہ بھی بنانے کے ساتھ ساتھ خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، واردات کی اطلاع پر روجھا ن کے علاقے کے سیکڑوں مکین مسلح حالت میں کچے کے دریائی علاقے میں پہنچ گئے، جس پر فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے متعدد افراد کے ہلاک وزخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔ جرائم پیشہ افراد کے دوبارہ سرگرم ہونے پر ڈی پی او رحیم یارخان ذیشان اصغر نے کچے کی چوکیوںاور تھانوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ لوٹ مارکے موقع پر پولیس کو اطلاع دی گئی تاہم پولیس نے موقع پر جانے سے گریز کیا ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی تاہم نام کی شناخت نہ ہوسکی ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے تشدد اور فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے افراد کو نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چھوٹو گینگ کے خاتمے کے بعد پٹ ، عمرانی، سکھانی اور لنڈ گینگ کچے کے علاقے میں دوبارہ سرگرم ہوچکا ہے۔ چند روز قبل بھی مسلح جرائم پیشہ افراد نے آباد پور کے زمیندار سے اس کی کشتی چھین لی تھی اور دریائی علاقے کی جانب فرار ہوگئے تھے جرائم پیشہ افراد کے دوبارہ سرگرم ہونے پر کچے کے علاقہ میں رہائش پذیر افراد میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔٭ ڈی ایس پی ٹریفک پولیس چودھری اصغر علی نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں کے امتحان کے بدھ اور جمعرات کے دن مقرر ہیں۔ امتحان میں کامیابی کے لیے امیدوار لرنر کا عرصہ بھر پور پریکٹس کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر سے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آئے ہوئے امیدواروں سے امتحان لینے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے طریقہ کار مقرر ہے جس میں 42 یوم عرصہ لرنگ ہے جس کے لیے پولیس لائن میں ٹریننگ اسکول میں باقاعدہ کلاسز و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصہ کے دوران امیدوار بھر پور تربیت حاصل کریں اور ٹریفک سگنلز کو بھی یاد کریں تاکہ وہ امتحان میں کامیابی حاصل کر سکیں انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز موٹر سائیکل اور کار جبکہ جمعرات کے روز ایل ٹی وی کا امتحان لیا جاتا ہے۔ انہوں نے امیدواروں سے کہاکہ وہ غیر قانونی ذریعے ہرگز استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ قانون اور میرٹ کے مطابق ہی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر انچارج ڈرائیونگ لائسنس برانچ اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشفاق اور رانا جمشید و دیگر اہلکار بھی ان کی معاونت کے لیے موجود تھے جن کی مدد سے امیدواروں سے زبانی اور عملی امتحان لیا گیا۔٭ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے خلاف چیئرمین بلدیہ کی جانب سے انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں‘ انتظامیہ پریس کلب میں غیرقانونی دیوارکی تعمیرروکنے میں ترجیحی بنیادوں پرکرداراداکرے ورنہ بھرپوراحتجاجی تحریک چلائیں گے۔ ان خیالات کااظہار ممبرپنجاب بارکونسل رئیس ممتازمصطفے ‘ صدربارخادم حسین خاصخیلی‘ جنرل سیکرٹری محمد نوید باجوہ‘سابق صدرسلیم اللہ خان جتوئی‘ چودھری عامرندیم ‘ سابق جنرل سیکرٹری فہدشاہ‘ راشدممتاز‘ سعدشبلی‘ مبشر نذیر لاڑ‘ رضوان رئوف‘ شاہد اقبال وینس اورغلام مصطفے امجد بخاری ایڈووکیٹس نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وکلا رہنمائوں نے کہاکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اورکان ہیں اورریاست کا اہم ستون ہیں۔ بلدیہ چیئرمین کے ادارے کی کرپشن بے نقاب اورعوامی مسائل اجاگرکرنے پرڈسٹرکٹ پریس کلب اورصحافیوں کے خلاف چیئرمین بلدیہ کی انتقامی کارروائیوں کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی کینٹین اورکتاب میلہ مسمار کرنے کے بعد چیئرمین بلدیہ کی جانب سے اب غیرقانونی دیوار کی تعمیرنہیں کروانے دی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پرڈسٹرکٹ پریس کلب میں غیرقانونی دیوارکی تعمیرختم کروائیں اورپریس کلب کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کریں اگرانتظامیہ نے مسئلہ حل نہ کیاتوڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں کے ساتھ بھرپوراحتجاجی تحریک چلائیں گے۔٭ 6ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر نے کارروائی کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر واقع اسٹیل مل کو سیل کردیا ایڈمن آفیسر پولیس کے حوالے۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر جس کے پاس خصوصی جج لیبر کورٹ کا بھی اختیار ہے نے قومی شاہراہ پر واقع داتا اسٹیل مل کا دورہ کیا۔ اسی دوران کی جانے والی ریکارڈ کی چیکنگ سے معلوم ہوا کہ اسٹیل مل مالکان کی جانب سے عرصہ 6ماہ سے فیکٹری میں کام کرنے والے ورکرز کو 6ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں فیکٹری میں کام کرنے والے ورکرز کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے اسرا رکرنے والے ورکرز کو فیکٹری سے نکالنے کی دھمکیاں دیے جانے کا سلسلہ بھی جاری تھا ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر عمران غوث نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی نگرانی میں قومی شاہراہ پر واقع اسٹیل مل کو غیر معائنہ مدت کے لیے سیل کردیا جبکہ فیکٹری کے ایڈمن آفیسر محمد پرویز کو کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔٭ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو ایک سال قید اور 9 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید ساڑھے 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک ساجد علی اعوان نے تھانہ منٹھار کے درج مقدمہ نمبری 25/17 بجرم9-B کی سماعت کی سماعت کے دوران ملزم صابر حسین پر منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر فاضل عدالت نے اسے ایک سال قید اور 9 ہزارروپے جرمانہ کی سزاسنادی جرمانہ کی عدم ادائیگی پر ملز م کو مزید ساڑھے3ماہ قید بھگتناہوگی۔