پاکستان پہلی مرتبہ سائوتھ ایشین روڈ سائیکلنگ کی میزبانی کریگا

135

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان رواں سال کے آخر میں پہلی مرتبہ سائوتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ ایونٹ میں اخراجات کے تخمینے کیلیے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے ڈیڑھ کروڑ روپے کابجٹ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھجوایا ہے۔ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کے اخراجات فیڈریشن برداشت کرے گی۔ بدھ کوخبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ سائوتھ ایشین فیڈریشن نے پاکستان کو پہلی مرتبہ سائوتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی دی ہے۔ چیمپئن شپ رواں سال دسمبر میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان پاکستان ‘ بھارت ‘سری لنکا ‘ افغانستان ‘نیپال ‘ برما کے مرد اور خواتین سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ایونٹ کے اخراجات کیلیے ڈیڑھ کروڑ روپے کا تخمینہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بجھوایا ہے امید ہے کہ اس کی جلد منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے بہت جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس ایونٹ میں چیمپئن شپ کیلئے تمام ججز بھی غیر ملکی ہوں گے اور وہ اس ایونٹ کی نگرانی کریں گے۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سائوتھ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ منعقد ہو گی اس کیلئے فیڈریشن تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور ججز کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرے گی اور ان کے تمام اخراجات بھی فیڈریشن برداشت کرے گی۔