بارشوں سے نمٹنے کیلیے افسران کو چوکس کردیا گیا ہے ،میئرحیدرآباد

113

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ بارش رحمت ہے ،اسے شہریوں کے لیے زحمت نہیں بننے دیں گے ،متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لیے افسران و عملہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، برساتی نالوں کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے، بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیوی مشنری کے ذریعے نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میونسپل کمشنر شاہد علی خان،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزو دیگر متعلقہ افسران اور یوسی چیئرمنز بھی موجود تھے۔میئر سید طیب حسین نے تلسی داس نالا،نشاط چوک نالا،چوڑی پاڑہ نالا،پھلیلی پریٹ آباد اور دیگر علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کیا اور عملے کو کام میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نالے صاف ہوںگے تو بارش کا پانی گلی،محلوں،شاہراہوں پر جمع نہیں ہوگااور شہریوں کو بھی کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔