تھائی لینڈ نے چائنا ریل منصوبے کے لیے 5.2 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

138

بنکاک (اے پی پی) تھائی لینڈ کی حکومت نے چین تک ریل منصوبے کی تکمیل کے لیے 5.2 ارب ڈالر کی منظوری دے دی۔یہ منصوبہ کئی سالوں سے تعطل کا شکار ہے۔وزیراعظم ہائوس کے افسر کوبسک پتراکول نے صحافیوں کو بتایا کہ اس ریل منصوبے کے تحت تھائی لینڈ کو چین کے جنوبی شہر کمنگ کے ساتھ ملایا جائے گا۔یہ منصوبہ چین کے اس وسیع تر ریل انفرااسٹرکچر منصوبے کا حصہ ہے جس کے ذریعے وہ علاقے بھر بالخصوص لائوس، تھائی لینڈ، ملائیشیاء اور سنگاپور کے ساتھ تیز رفتار ریل کا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتا ہے۔اس 4 سالہ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے شمال مشرقی صوبے ناخون راچاسیما تک 250 کلومیٹر طویل تیز رفتار ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔یاد رہے کہ لائوس میں اس منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز ہوچکا ہے تاہم تھائی لینڈ میں اس کی فنڈنگ مسائل، قرضے کی شرائط، لیبر قوانین اور دیگر رکاوٹوں کے باعث یہ کئی سالوں سے التواء کا شکا ر ہے۔