سندھ ‘چینی باشندوں کی نقل وحرکت کے دوران جیمرز لگانے کا فیصلہ

73

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے چینی باشندوں کی نقل وحرکت کے دوران جیمرز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سی پیک منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکورٹی پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ سندھ، چینی کونسل جنرل، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے لیے سی پیک بہت اہم ہے‘ اس لیے ان کی ورک فورس کوفول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے‘جب وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کریں تو ان کی گاڑیوں میں جیمرز نصب ہوں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ چینی افراد کی نقل وحرکت کے دوران نظم و ضبط کا ہونا بہت ضروری ہے اور ان کی نقل و حرکت کے دوران قافلیکیسیکورٹی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔سیکرٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک منصوبے کے 7 سیکورٹی ہیڈ کوارٹرز ہیں جہاں پر چائنیز کی سیکورٹی کے لیے 3044تربیت یافتہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں‘پاکستان آرمی ان کے سیکورٹی کے ساز و سامان کو لیڈ کررہی ہے۔ اجلاس میں تھر کے علاقے اسلام کوٹ جلد ائر پورٹ کی تعمیر کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن سے بات چیت کے بعد اس کی تعمیر کا آغاز کریں گے۔