طاغوت شکست سے دوچار ،اسلامی قوتیں سربلند ہورہی ہیں،راشد نسیم

68

کراچی (اسٹاف رپورٹر) طاغوت شکست سے دوچارہے ،اسلامی قوتیں سربلند ہوتی جارہی ہیں، جماعت اسلامی ایک مختلف جماعت ہے اس کا اول وآخر اللہ کی ذات ہے ،اسی پر بھروسہ واعتماد ہے اورمدد وامید بھی اللہ ہی سے ہے ۔اس کی رحمت سے مایوس نہ ہوں، اللہ تعالیٰ اپنا کام کررہا ہے ،بندہ مومن کوان حالات میں روشنی نظر آتی ہے، معاشرے میں نوجوان لڑکیوں میں پردے کا بڑھتا ہوا رجحان ،نوجوانوں کے داڑھیوں سے مزین چہرے،حافظ قرآن کی کثرت ،حج اورعمرے کے لیے جانے والے افراد میں روز بروز ہوتا اضافہ ،کھیل کے میدانوں میں شاہینوں کے اجتماعی سجدے ،یورپ ومغرب میں تیزی سے پھیلتا ہوا اسلام ،یہ سب ہماری دعوت کے بڑھتے ہوئے اثرات ہیں ۔ ان خیالات کااظہار نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع شرقی میں ارکان وامیدواران کی عید ملن سے
خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ سندھ انوری بیگم ،ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب اورناظمہ ضلع شرقی عذراجمیل بھی موجود تھیں ۔ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ اقامت دین اللہ کا کام ہے اوراللہ تعالیٰ ہی اس میں ہم سے مدد مانگ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ ومغرب میں بوڑھوں کی اکثریت اورہمارے یہاں نوجوانوں کی کثرت موجود ہے ۔ یہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ یہاں نیا جہاں پیداہورہا ہے ۔پروگرام میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع شرقی کی ناظمہ عذراجمیل نے کہا کہ ہمیں اپنی گفتگو اورکردار میں مضبوطی سے جمے رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں ہم سب دورہ قرآن کی مضبوط تربیت سے گزرے ہیں ۔ دوچیزیں تمام انبیا کرام ؑمیں مشترک نظرآتی ہیں ۔ دوسروں کی خدمت ورہنمائی اورلوگوں سے محبت وتعلق ہے ،دوسری انبیا کی تربیت کا استقلال وثابت قدمی ہے ، نہ ہی ناکامی میں متزلزل ہوئے اورنہ ہی کامیابی میں متکبر ہوئے۔